• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کا حکومت کو آئی ایم ایف سے دوبارہ مذاکرات کا مشورہ

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ پی پی پی کا مؤقف رہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے دوبارہ مذاکرات کرے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب جبکہ ہم کرونا وائرس کی عالمی وبا کا سامنا کررہے ہیں تو حکومت کو آئی ایم ایف سے نئی شرائط طے کرنا چاہئیں، سندھ حکومت ایک ایک مزدور کے گھر راشن دے، فاقے نہیں ہونے چاہئیں،انہو ں نے کہا کہ کورونا وائرس کے عالمی معاشی صورت حال پر اثرات کے تناظر میں آئی ایم ایف سے ازسر نو شرائط طے ہونا چاہئیں،قبل ازیں یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسے کڑے وقت میں کسی ضرورت مند کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سندھ میں یومیہ اجرت کمانے والے پریشان نہ ہوں، پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ ہے، سندھ حکومت ایک ایک مزدور کے گھر پہنچے اور اسے راشن دے،سندھ کے کسی مزدور کے گھر میں فاقے نہیں ہونے چاہئیں، اس موقع پر سندھ حکومت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی قیادت کو ضرورت مندوں کی مدد کیلئے اپنی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا، بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کیلئے سندھ کے ہر ضلع کے ڈی سی کو پہلے فیز میں دو کروڑ روپوں کے اجراء پر اظہار اطمینان کیا، اس موقع پر انہوں نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی مدد کیلئے دوسرے فیز پر سندھ حکومت کی بریفنگ بھی لی، ویڈیو لنک اجلاس کے دوران انہوں نے سندھ کے زکوۃ مستحقین کے حوالے سے بھی استفسار کیا جس کے جواب میں سندھ حکومت کے ذمہ داران نے بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ ایک لاکھ زکوۃ مستحقین کو ان کے اکاؤنٹس میں پیسے منتقل کردئیے گئے ہیں، انہوں نے اس موقع پر سندھ حکومت کو یومیہ اجرت کمانے والے افراد کے رابطے کے حوالے سے ہیلپ لائن بنانے کی بھی ہدایت کی۔
تازہ ترین