• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا پر صوبائی حکومت کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آرہی، شکور مری

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری عبدالشکور مری نے بلوچستان میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کے غیرذمہ دارانہ روئیے کی وجہ سے بلوچستان، خصوصاً کوئٹہ کے عوام کی زندگیاں داؤ پر لگا دی گئی ہیں۔جس پر بلوچستان کے عوام کو سخت تشویش ہے انہوں نے کہا کہ کورونا کے وہ مریض جو شیخ زید اسپتال میں داخل ہیں وہ بھی بلوچستان کے فرزند ہیں ان کو کھانا دینے کی جو ویڈیو ریلیز ہوئی ہے اس سے ظاہر ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے عوام کے ساتھ کیا سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے فنڈز کے باوجود کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے ہراول دستے میں شامل ہمارے ڈاکٹروں کو ماسک کی سہولت تک میسرنہیں وہ اپنی قیمتی زندگیاں داؤ پر لگاکر مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ صوبائی حکومت محکمہ صحت کو فعال کرکے ڈاکٹروں اور مریضوں کو سہولیات بہم پہنچائے،انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی آفت سامنے ہے مگر اب تک بلوچستان حکومت نے کسی واضح حکمت عملی کا اعلان نہیں کیا ، دوسری جانب صوبائی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں لوگ اور ان سے جڑے خاندان بھوک اور افلاس کا شکار ہورہے ہیں اگر بھوک کی وجہ سے موت کا شکار ہوا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے ٹھوس حکمت عملی کا اعلان کرے۔ 
تازہ ترین