• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا،شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حج کی ادائیگی سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کل کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، وفاق اور صوبوں کے مابین رابطے میں مزید بہتری لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات محدود ہوں، مسجد میں نماز ادا کرنا ہو تو ضروری فاصلہ رکھ کر نماز ادا کی جائے، سماجی فاصلے کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے نماز ترجیحاً گھروں پر ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں نمائندے نامزد کرنے کے لیے کہا ہے جبکہ یہ سینٹرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی سربراہی میں قائم ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کے لیےضروری اقدامات کیے جائیںگے، پی سی آر کی نئی مشینز خرید رہے ہیں جس سے ٹیسٹنگ کی استعداد دوگنا ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ کل وزیرِ مذہبی امور کو سعودی حکام کی جانب سے خط آیا ہے، جس میں سعودی حکام نے کہا ہے کہ حج سے متعلق اپنی تیاریوں کو روک لیں۔

شاہ محمود قریشی نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین