وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ کل وزیرِ مذہبی امور کو سعودی حکام کی جانب سے خط آیا ہے، جس میں سعودی حکام نے کہا ہے کہ حج سے متعلق اپنی تیاریوں کو روک لیں۔
شاہ محمود قریشی نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان رابطے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے صوبے اور مرکز رابطے میں ہوں گے۔
وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ کل کے اجلاس میں ہیلتھ ورکرز کو محفوظ کرنے کے لیے فیصلے کیے، کورونا وائرس ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مشینوں کا آرڈر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سپلائی بحال رکھنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات کی گئی ہیں، سب مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ کل اجلاس میں وزرائے اعلیٰ بھی شریک تھے، تمام علماء اور صوبوں نے اتفاق کیا کہ اجتماعات سے گریز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیئے: یہ وقت شکووں کا نہیں، کورونا سے مقابلے کا ہے، شاہ محمود
انہوں نے بتایا کہ اتفاق ہوا ہے کہ مساجد میں اجتماعات کو محدود کیا جائے، اجتماعات کےمعاملے پر عوام کو ذہنی طور پرقائل کرنا پڑے گا صرف نوٹیفکیشن نکالنے سے اجتماعات کا معاملہ حل نہیں ہوگا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مساجد پر پابندی کوئی نہیں لگانا چاہتا، عوام کی جان و مال کی تحفظ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔