• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں دودھ 80، ٹھٹھہ میں 40 روپے لٹر فروخت


ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہر قسم کا کاروبار متاثر ہوا ہے وہیں دودھ کی طلب و رسد میں بھی فرق آیا ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمتوں پر بھی فرق پڑا ہے۔

سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی اور اس سے متصل ٹھٹھہ شہر میں دودھ کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں۔

کراچی میں لاک ڈاؤن سے کاروبار متاثر ہونے کے باعث دودھ کی فی لیٹر قیمت 110 روپے سے 80 روپے پر آ گئی۔

ٹھٹھہ میں لاک ڈاؤن کے باعث دودھ کی فروخت اور قیمتوں میں کمی ہو گئی جس کے بعد ٹھٹھہ میں 80 روپے کلو فروخت ہونے والا دودھ 40 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا۔

دودھ فروشوں کے مطابق دودھ کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے دودھ سستا کیا ہے۔

اس سے قبل پہلے ہی سندھ میں لاک ڈاؤن کے اوقات کار مزید سخت کرنے پر ڈیری فارمرز نے کہا تھا کہ دودھ کی دکانوں کا وقت لاک ڈاؤن کے دوران 5 بجے سے بڑھایا جائے ورنہ دودھ کی سپلائی متاثر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیئے: حیدرآباد میں دودھ 12 روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا

ڈیری فارمرز کا کہنا تھا کہ باڑوں سے دودھ 5 بجے دکانوں کے لیے روانہ ہوتا ہے جسے پہنچنے میں 7 سے 8 بج جاتے ہیں، اگر دودھ کی دکانوں کا وقت لاک ڈاؤن کے دوران 5 بجے سے نہیں بڑھایا گیا تو دودھ کی سپلائی متاثر ہوگی اور ڈیری فارمرز کو بھی شدید نقصان ہوگا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے نئے احکامات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا گیا ہے جس کے بعد آج سے شام 5 بجے سے اگلے دن صبح 8 بجے تک تمام کاروبار بند رہے گا۔

تازہ ترین