• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات، شاہ محمود کاسلامتی کونسل کو خط

اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر سلامتی کونسل اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک اور خط میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم سے آگاہ کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کےبیان کے مطابق وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بد ترین صورت حال کو اجاگر کرنے کیلئےسلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو توجہ دلاؤ خط لکھا ہے دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ خط میں بھارت کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال معمول کے مطابق ہے۔انہوں نے سلامتی کونسل کو بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے انتہاپسند کیمپوں کے حوالے سے دیے گئے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی 12 دسمبر 2019 سے مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور سنگین صورت حال سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کی جانب سے جھوٹی کارروائی کا امکان ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے خط میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت بھارتی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو بھی اجاگر کیا ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف فورس کے استعمال کی دھمکی دے رہے ہیں۔انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی تقسیم کے اقدامات کو بھی نمایاں کیا اور اسی حوالے سے انہوں نے کشمیریوں کی جائیدادوں پر جبری قبضے اور 6 ہزار ایکڑ زمین غیر کشمیریوں کے حوالے کرنے کو عالمی قانون اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا۔
تازہ ترین