• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت نے کورونا اقدامات کیلئےاپنا کردار ادا نہیں کیا، مرتضیٰ وہاب

مرتضیٰ وہاب کی جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پارلیمنٹ‘ میں گفتگو 


ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو جو عالمی وبا کورونا وائرس کے اقامات کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پارلیمنٹ‘ میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اگر یہی اقدامات ایک ماہ پہلے کر لیتی تو صورتحال مختلف ہوتی، سندھ حکومت نے وفاق اور دیگر صوبوں سے جو گزارشات کیں اس پر متوقع رد عمل نہیں ملا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مطلب ضروری اشیا پہ پابندی لگانا نہیں ہے، ٹرینیں بروقت بند نہیں کی گئیں جس سے سندھ میں اسٹیشنز پہ رش لگ گیا۔

انہوں نے کہا کہ بارڈر کنٹرول صوبائی نہیں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، زائرین کی مانیٹرنگ، ان کو قرنطینہ کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی۔

مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ امدادی سامان کی تقسیم کا کنٹرول این ڈی ایم اے کے پاس ہے، سندھ کو ابھی صرف ماسک ملے ہیں باقی سامان نہیں ملا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نےوزیراعظم کے وڈیو کانفرنس سے چلے جانے پرواک آؤٹ کیا تھا، وزیراعظم کے پاس کورونا سے زیادہ کوئی معاملہ اہم نہیں ہونا چاہیے، اتحاد پیدا کرنے کی ذمہ داری وزیر اعظم کی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے اس دوران جنگ اور جیو کے انڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے ۔

انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو کورونا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، میرشکیل الرحمٰن کو عدالت ضمانت پر رہائی دے۔

تازہ ترین