کراچی، لاہور، پشاور (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل، ایجنسیاں) کورنا وائرس کے تیز وار کے باعث ملک میں مریضوں اورہلاکتوںکی تعدادبڑھ گئی ہے، گزشتہ 24گھنٹے میں 5اموات کے بعد مجموعی ہلاکتیں 17؍ ہوگئی ہیں جبکہ ملک میں 104؍ نئے مریضوں کے بعد مجموعی تعداد 1600؍ہوگئی ہے۔
جس میں 11؍ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ ملک میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 13324؍ ہے، گزشتہ روزسندھ میں 2، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔
لوئر دیر میں کورنا کا کیسز آنے پر ایک گائوں کو مکمل قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روزملک میں 46 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 13، سندھ میں 12 ، 8 خیبر پختونخوا، 4 آزاد کشمیر، 5 گلگت بلتستان اور 4 کی اسلام آباد سے تصدیق ہوئی۔ جبکہ پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جبکہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 570 ہو گئی ہے جسکی تصدیق وزارت صحت پنجاب نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے بھی کر دی ہے۔صوبائی وزارت صحت کے مطابق پنجاب میں کوروناوائرس کے باعث اب تک 6 افراد جاں بحق اور 5 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا رات پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کورنا وائرس سے کے باعث ہلاک ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ بزدار نے بتایا کہ جاں بحق ہونے 68؍ سالہ شمیم اختر سعودی عرب سے پاکستان آئی تھیں اور رحیم یار خان میں زیر علاج تھیں۔
رائے ونڈ تبلیغی مرکز میںتبلیغی جماعت کے 28 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضل نے بتایا کہ مرکز میں تقریباً 12 سو افراد لاک ڈاؤن میں ہیں اور ان تمام افراد کا طبی ٹیسٹ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً 500 غیر ملکی تبلیغی اراکین ہیں۔
ادھر تبلیغی مرکز رائیونڈ کو ریڈ زون قرار دے کر تمام گیٹ بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ مرکز کے باہر فوج اور پولیس تعینات کر دی گئی ہے مرکز میں موجود کسی بھی شخص کو باہر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی جبکہ مرکز کے آس پاس رہائش پذیر شہریوں کو بھی بلاوجہ گھروں سے باہر نکلنے سے روکدیا گیا ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں بھی 12 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 481 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورنا کا کیسز آنے پر ایک گائوں کو مکمل قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں دو، دیر پایان اور ایبٹ آباد میں ایک ایک مریض میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہے ایبٹ آباد میں مریضوں کی تعداد دو اور پشاور میں 22 جبکہ صوبے بھر میں 192 ہوگئی۔ مجموعی طور 24 گھنٹوں کے دوران 89 مشتبہ مریض بھی سامنے آئے ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں افراد نمونیہ اورکورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق دونوں افراد کراچی کے رہائشی ہیں، دو نئی ہلاکتوں کے بعد سندھ میں کورونا کے باعث اب تک 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جبکہ اب تک سندھ میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، حکومت سندھ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق شہر کے علاقوں میں موجود تمام پیٹرول پمپس صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک لاک ڈاؤن کے دوران کھلے رہیں گے۔
نوٹس کے مطابق ہائی ویز پر تمام پیٹرل پمپ کے ساتھ ٹائر شاپ بھی کھلی رہیں گی۔ دوسری طرف کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سندھ کی جیلوں میں معمولی نوعیت کے قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔