• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حاملہ بھارتی ڈاکٹر نے کورونا کی سستی ترین ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک حاملہ ماہر سمیات (وائرو لوجسٹ) نے 6؍ ہفتوں سے بھی کم عرصہ میں کورونا وائرس کی سستی ٹیسٹنگ کٹ تیار کرنے حیران کن کارنامہ انجام دیا ہے۔ 

خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مینال بھونسلے نے یہ ٹیسٹنگ کٹ متعلقہ حکام کے سپرد کرنے کے صرف ایک دن بعد ہی بیٹی کو جنم دیا۔ 

مینال نے بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس قدر خوشی ہوئی جیسے میں نے ایک نہیں دو بچوں کو جنم دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بچے کی ولادت ہو یا غریبوں اور متاثرین کیلئے یہ ٹیسٹنگ کٹ تیار کرنا، دونوں کام چیلنج سے کم نہیں تھے۔

 انہوں نے بتایا کہ جس وقت وہ ٹیسٹنگ کٹ کی تیاری پر کام کر رہی تھیں، پریگننسی میں کچھ پیچیدگیاں پیدا ہوگئی تھیں، بچہ آپریشن کے ذریعے پیدا ہوا۔ 

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بحران کے دوران، مجھے لگا کہ اپنی تکلیف چھوڑ کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا اس سے زیادہ اچھا وقت کبھی نہیں آئے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ پانچ سال سے اس شعبے میں کام کر رہی ہوں، مجھے لگا کہ اگر میں نے ہنگامی بنیادوں پر اور اپنے طے شدہ حصے سے زیادہ کام نہ کیا تو یہ وقت دوبارہ نہیں آئے گا۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر بھونسلے کی جانب سے تیار کی گئی کٹ صرف ڈھائی گھنٹے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 

حیران کن بات یہ ہے کہ بھارتی حکومت کی 4500؍ روپے میں فروخت کی جانے والی ٹیسٹنگ کٹ کے مقابلے میں ڈاکٹر بھونسلے کی ٹیسٹنگ کٹ صرف 1200؍ روپے میں دستیاب ہے۔

تازہ ترین