• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈائون کے باعث دنیا بھر میں گھریلو تشدد میں اضافہ

پیرس (رضا چوہدری ،جنگ نیوز) کورونا وبا سے بچنے کے لیے لاک ڈاؤن کے باعث دنیا بھر میں گھریلو تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، کئی ممالک سے آنے والی رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث گھریلو تشدد اور خاص طور پر خواتین پر تشدد کے واقعات میں حیران کن اضافہ دیکھا گیا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد یورپ میں گھریلو تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔رپورٹ میں برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر یورپی ممالک میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ساتھ ہی گھریلو تشدد کی رپورٹس میں 30 فیصد تک اضافے کا دعویٰ کیا گیا۔ فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹنر کا کہنا ہے کہ 17 مارچ کو ملک میں لاک ڈاون میں داخل ہونے کے بعد سے ملک بھر میں گھریلو تشدد کی اطلاعات میں 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔کرسٹوف کاسٹنر نے انکشاف کیا کہ صرف پیرس میں ہی معاملات میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں برطانیہ کے مختلف عہدیداروں، سماجی تنظیموں اور صحت کے عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ صرف برطانیہ میں ہی لاک ڈاؤن کے دوران 30 فیصد گھریلو تشدد میں اضافہ ہوا۔برطانوی اخبار دی گارجین نے اپنی خصوصی رپورٹ میں بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران چین سے لے کر فرانس اور اٹلی سے لے کر اسپین جب کہ جرمنی سے لے کر برازیل جیسے ممالک میں گھریلو تشدد میں اضافہ دیکھا گیا۔رپورٹ میں چین میں گھریلو تشدد کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیموں اور رضاکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران چین مین گھریلو تشدد میں حیران کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق کورونا سے چین کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے ہوبے میں ہی لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کی رپورٹس میں تین گنا اضافہ دیکھا گیا۔
تازہ ترین