راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) مزدوروں کے گھروں کو جانے کے باعث غلہ منڈیوں میں مال بردار گاڑیوں کو آن لوڈ کرنے میں تاخیر سے اشیائے خوردونوش کی ترسیل کا نظام متاثر ہورہا ہے۔جس پر ڈسٹرکٹ سپلائی چین منیجمنٹ کمیٹی راولپنڈی نے پنجاب حکومت سے صورتحال کانوٹس لے کر اقدامات اٹھانے کی سفارش کی ہے۔جبکہ ہول سیل ڈیلرز سے کہا گیاہے کہ اشیائے خوردونوش کی قلت سے بچنے کیلئے سٹاک کی صلاحیت بڑھائیں۔ مزدوروں کی منڈیوں میں واپسی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔اس بات کی ہدایت ڈسٹرکٹ سپلائی چین منجمنٹ کمیٹی راولپنڈی کے جلاس میں جاری کی گئی۔جو سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مہر غلام عباس ہرل کی زیر صدارت اجلاس میں جاری کی گئی۔جس میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر،ہول سیل کریانہ ایسو سی ایشن کے صدر آصف اکرام،گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئر مین راجہ آصف جنجوعہ،شکیل قریشی صدر گڈز کیئرئیرز سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں تاجر رہنمائوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے باعث ہوٹل،سپیر پارٹس،مکینکس اور دیگر کاروبار کے بند ہونے کے بعد ایک طرف مزدور گھروں کوجاچکے ہیں۔دوسری طرف اشیائے خوردونوش کی ترسیل والی گاڑیوں کو بھی جی ٹی روڈ اور موٹر وے پرمشکلات کا سامنا ہے ۔ جس پر کمیٹی نے پنجاب حکومت سے سفارش کی کہ راولپنڈی کی گنجمنڈی جیسی ہول سیل مارکیٹ میں کم از کم ایک ہوٹل مزدوروں کیلئے کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ لیبر کو کھانے پینے کے مسائل نہ ہوں۔موٹروے اور جی ٹی روڈ پر کچھ پوائنٹس مخصوص کئے جائیں جہاں گاڑیوں کی مینٹی نینس کی سہولتیں میسر ہوں ۔ڈسٹرکٹ آفیسر آئی اینڈ پی کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہول سیلرز کے پاس مختلف اشیائے ضروریہ کے سٹاک کی خصوصی رپورٹ تیار کرکے پیش کریں۔اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں مقامی تاجر تنظیموں سے قریبی رابطہ رکھیں اور اشیائے ضروریہ کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔