کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)میڈیکل اسٹورز ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے میڈیکل اسٹورز کھول دئیے ۔گزشتہ روز میڈیکل اسٹورز ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کے روئیے اور خود کو صحافی پیش کرنے والے نام نہاد شخص کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام میڈیکل اسٹورز کو بند کر دیا تھا جس پر پیر کو انجمن تاجران، میڈیکل اسٹورز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اپنے روئیے کی معذرت کرتے ہوئے ہڑتال کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انتظامیہ نے تین بند میڈیکل سٹورز کھول دیئے۔ جبکہ میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر سید اکبر شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز میڈیا کے نام پر ایک نام نہادشخص نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر میڈیکل اسٹورز کیخلاف کارروائیاں کی تھی جس پر کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے 24سو سے زائد میڈیکل اسٹورز کو بند کیا گیاتھا، تاہم انجمن تاجران میڈیکل اسٹورز ایسو سی ایشن کے رہنماؤں کے ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں خود کو صحافی پیش کرنے والے نام نہاد شخص کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا،ضلعی انتظامیہ نے ہمارے مطالبات سنے اور طویل بحث ومباحثے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا جیسی خطرناک صورتحال کا سامنا ہے مجبور ہوکر میڈیکل اسٹور بند کرنے کافیصلہ کیا تھاجس پر ہم عوام سے بھی معذرت کرتے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ سمیت حکام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ کسی عوامی شکایات پر نوٹس لینے سے پہلے ہمیں بھی اعتماد میں لیا جائے اور جو بھی میڈیکل اسٹور سرکاری نرخ سمیت کسی بھی کوتاہی کا مرتکب ہو تو اس کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے جس سے میڈیکل اسٹور ایسوسی ایشن کا کوئی سروکار نہیں ہوگا ۔