• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکسر عامر خان کا پاکستان کو 4کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان

لندن (جنگ نیوز ) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے 4 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں ان کاکہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں عوام کے لیے ہسپتالوں میں بستر ملنا کتنا مشکل ہے اس لیے اپنی 60 ہزار مربع فٹ پر تعمیر 4 منزلہ عمارت کورونا متاثرین کی مدد کے لیے دینے کو تیار ہوں۔ اس سے قبل باکسر عامر خان نے اپنی اسلام آباد باکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان بھی کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ متعدد معروف شخصیات کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق مدد کی جا رہی ہے۔ نا صرف پاکستان بلکہ برطانیہ میں بھی باکسر عامرخان نے این ایچ ایس ہسپتال کو کورونا وائرس متاثرین کے لیے اپنی 4 منزلہ عمارت کو ہسپتال بنانے کی پیشکش کی تھی۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات سمیت قومی کھلاڑیوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے باعث غریب افراد کے لیے راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1872 ہو گئی ہے۔ 
تازہ ترین