• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی ترجیح کورونا نہیں، میڈیا اور اپوزیشن کیخلاف کارروائی ہے، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سنیئر رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کی ترجیح کورونا نہیں بلکہ میڈیا اور اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائی ہے،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ باہر سے آنے والی ٹیسٹنگ کٹس تصدیق شدہ نہیں ہوتیں اس لئے میں نے وارننگ دی ہے، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اور جیو گروپ مسلسل مشکلات کا شکار ہے،ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ فروری کی ابتداء میں بیوروکریٹک چینلز نے حکومت کو کورونا کے خطرے اور حفاظتی اقدامات کیلئے روڈ میپ دیدیا تھا، وفاقی اور پنجاب حکومت دو ماہ فیصلہ سازی کے بحران میں رہی، سرحدیں بند ہونی چاہئیں لیکن آج بھی تفتان کے راستے سے لوگ آرہے ہیں، وزیراعظم ٹائیگر فورس بنانے اور چندے کی اپیل کرنے سے پہلے انتظامی اقدامات کریں، ٹائیگر فورس سیاسی ناٹک ہے موثر انتظامی لیول مقامی حکومتوں کا ہے، محلوں کے کونسلرز کو پتا ہوتا ہے کس گھر میں کون مستحق ہے، حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو غیرآئینی طور پر برطرف کیا ہوا ہے، حکومت ٹائیگر فورس بنانے کے بجائے بلدیاتی ادارے بحال کرے ،ریلیف ورک بلدیاتی نمائندوں کے ذریعہ کرنا چاہئے، سول ڈیفنس کے ڈھانچے کو بھی بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت لوگوں کو آگاہی دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، وزیراعظم لوگوں کو کہیں گے کہ گھبرانا نہیں ہے تو کوئی کیوں احتیاطی تدابیر اختیار کرے گا، کورونا مہلک وبا ہے اس سے گھبرانے اور احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے، حکومت کی ترجیح کورونا نہیں بلکہ میڈیا اور اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائی ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ کٹس کی تصدیق کیلئے ڈریپ کا طریقہ کار جامع ہے، باہر سے آنے والی ٹیسٹنگ کٹس تصدیق شدہ نہیں ہوتیں اس لئے میں نے وارننگ دی ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف پی سی آر ٹیسٹنگ کٹس کی اجازت دی جائے گی تاکہ معیار قائم رہے، پی ٹی آئی کوئی چیریٹی آرگنائزیشن نہیں سیاسی آرگنائزیشن ہے، سیاسی آرگنائزیشن جو بھی کام کرتی ہے اس کا سیاسی رخ ہوگا، پاکستان میں مقامی حکومتوں کے انتظامی سیٹ اپ ہیں لیکن سیاسی سیٹ اپ نہیں ہے، کسی بھی سیٹ اپ سیاسی رخ کے بغیر لوگوں تک موثر رسائی نہیں ہوسکے گی، سیاسی حکومت جو بھی سیٹ اپ بناتی ہے اس میں سیاسی رخ ہوتا ہے،پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنی سیاست کرے گی ہم اپنی سیاست کریں گے لیکن یہ اتحاد میں رکاوٹ نہیں ہوگی۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، تبلیغی جماعت کے 221ارکان کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں 94کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، ان تمام 94افراد کو تین مختلف مقامات پر آئسولیشن سینٹرز میں رکھا گیا ہے، سکھر میں کورونا متاثرہ لوگوں کو قرنطینہ میں رکھنے کی سہولت موجود ہے، جن لوگوں کے ٹیسٹ کے نتائج نہیں آئے انہیں قرنطینہ میں رکھیں گے،جن لوگوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں انہیں جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا کے ٹیسٹ اتنے نہیں ہوئے کہ مریضوں کی تعداد سے متعلق واضح موقف قائم کرسکیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ کورونا وائرس زیادہ نہ پھیلا ہو، جہاں بھی کورونا کیس کی شناخت ہوتی ہے وہاں لوگوں کو آئسولیٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری نے کہا کہ رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع میں 70ہزار لوگ شریک تھے\

تازہ ترین