• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاؤن، بھارت میں ویڈیو کال پر مسلم جوڑے کی شادی

بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر مسلم جوڑے کی شادی ویڈیو کال پر کروا دی گئی۔

کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے دُنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سےتمام شادی ہالز، عوامی اجتماعات اور ریستوران وغیرہ پر پابندی عائد ہے ایسے میں بھارت کے ایک مسلم جوڑے نے لاک ڈاؤن میں ہی شادی کرنے کی ٹھانی اور ویڈیو کال پر شادی کرلی۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں مقیم محمد منہاج نامی ایک مسلمان نوجوان نے مہاراشٹر کے شہر بیڑ میں مقیم ایک مسلمان خاتون سے ویڈیو کال پر نکاح کرلیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دولہا کے والد محمد غیاث نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اُس کے بیٹے کی شادی دونوں خاندانوں نے مل کر 6 ماہ قبل ہی طے کردی کیونکہ اُس وقت کورونا وائرس کا کوئی خدشہ بھی نہیں تھا۔

دولہا کے والد نے بتایا  کہ چونکہ کورونا کی وجہ سے بھارت میں لاک ڈاؤن جاری ہےاور تمام شادی ہالز اور اجتماعات پر بھی پابندی ہے تو ہم دونوں خاندانوں نے سوچا کہ کیوں نہ ویڈیو کال پر نکاح کروادیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں خاندانوں کی رضا مندی سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔

نکاح کی ادائیگی کرنے والے قاضی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اِس نکاح کے بعد دونوں خاندان بہت خوش ہیں کیونکہ یہ شادی انتہائی کم خرچے میں اور سادہ طریقے سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بھارت میں 21 روز کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

تازہ ترین