• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کی مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران نے شرکت کی م جبکہ نیو یارک میں مستقل مندوب منیر اکرم اور جنیوا میں مستقل مندوب خلیل ہاشمی ویڈیولنک سے شریک ہوئے۔

وزیرخارجہ نے اجلاس میں بتایا کہ پوری دنیا کے ساتھ پاکستان بھی کورونا کے وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہے، جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔

شاہ محمود نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اموات کی اطلاعات مل رہی ہیں جو انتہائی تشویشناک امر ہے، اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کرانےکی کوششوں میں تیزی لاناہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے نیویارک اور جنیوا آفسز میں مستقل مندوبین اس معاملے کو عالمی برادری کے سامنے لائیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل سے متعلقہ قواعد و ضوابط میں تبدیلی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ گرفتار کشمیریوں کو فوری رہا کرے۔

تازہ ترین