مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ خان نے وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف دشنام طرازی کا مقصد کورونا کے خلاف قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنا ہے۔
ایک بیان میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کورونا کی وجہ سے ہمیں جواب دینے سے منع کر رکھا ہے، عمران نیازی اینڈ کمپنی ہمیں جواب دینے پر مجبور نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس، ماسک اور دیگر سامان شہباز شریف نے پہنچایا، شہبازشریف نے ہفتوں قبل جو تجاویز دی تھیں نالائقوں کو آخر وہی کرنا پڑا۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ عمران نیازی اور وزراء زبان چلانے کے بجائے عوام کی خدمت کرتے تو کورونا اتنا نہ پھیلتا۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ سو سے زائد ریل حادثوں کی ایک انکوائری رپورٹ سامنے نہیں آئی۔