ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو خطرناک صورتحال ہے، اپریل کے مہینے میں صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
صوبائی سیکرٹریٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے کے 25 ہزار افراد کا ٹیسٹ کرنا چاہتی ہے، لیکن ہمارے پاس صرف 5 ہزار افراد کے ٹیسٹ کی گنجائش ہے، ہم نے وفاقی حکومت سے مزید کٹس مانگے ہیں، جونہی ہمیں کٹس ملے تو ہم ٹیسٹ شروع کردیں گے۔
لیاقت شاہوانی نےکہا کہ صوبائی حکومت نے ماسک، آٓلات اور دیگر حفاظتی سامان کے لئے چین کو آرڈر دیا ہے، مگر ابھی تک وہاں سے سامان آنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ اگر عوام نے لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا تو صوبائی حکومت کو زیادہ سختی کرنا پڑے گی۔
ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومت احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کی مدد کرے گی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو احساس پروگرام کا فوکل پرسن بنایا ہے، صوبے میں ایک لاکھ 53 ہزار مستحقین کا ڈیٹا موجود ہے دیگر تین لاکھ افراد کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مستحق افراد کے راشن پیکیج کی مد میں 70 کروڑ جاری کردئیے ہیں، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 53 ہزار افراد کو راشن مہیا کریں گے، اب تک ساڑھے 7 ہزار خاندانوں تک راشن پہنچا دیا ہے۔