• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کورونا سے مزید 3 اموات، ہلاکتیں 43 مریضوں کی تعداد 2824

پاکستان میں کورونا سے مزید 3 اموات، ہلاکتیں 43 مریضوں کی تعداد 2824


کراچی (اسٹاف رپورٹر، ٹی وی رپورٹ) خیبر پختونخوا میں 2 ؍ افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں آج کورونا وائرس کے 124 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 3 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 43 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2824 ہوگئی ہے۔جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 130؍ ہے۔ 

ہفتے کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے، دونوں افراد کا تعلق پشاور سے تھا۔ 

ملک میں اب تک کورونا سے ہونے والی 42 ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 13 ، پنجاب میں 11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج بروز ہفتہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 124 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 56، خیبر پختونخوا میں 29 ، پنجاب میں 18، بلوچستان میں 10، اسلام آباد 7 ، آزاد کشمیر سے 3 اور گلگت میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ 

پنجاب میں آج اب تک 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1087 ہوگئی ہے۔ صوبے میں اب تک کورونا سے 11 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں جن میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔جب کہ صوبے بھر میں اب تک کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

حکومت پنجاب کے مطابق کورونا وائرس سے صوبے میں تین قیدی بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ یہ وائرس صوبے کے 26 اضلاع میں پھیل چکا ہے۔ 

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں آج کورونا وائرس کے اب تک مزید 56 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 839 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں ہیں جن کی تعداد 380 ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہےجن میں سے صرف کراچی میں 12 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ حیدرآباد میں تعداد 2 ہے۔ 

سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے کل 74 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔آج اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 7 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ 

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 75 ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر میں ہفتے کو کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق وزیر صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔ 

وزیر صحت ڈاکٹر نجی نقی کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض کورونا سے صحت یاب ہوا ہے۔ 

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں ہفتے کو 2 اموات ہوئیں جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے جبکہ 29 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 372 ہوگئی ہے۔ 

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق پشاور سے تھا اور ان کی عمریں 62 سے 76 برس کے درمیان تھیں۔ 

پشاور میں کورونا وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق صوبے میں 30 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے 10 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 185 تک پہنچ گئی ہے۔ 

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جبکہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

گلگت بلتستان میں آج کورونا وائرس کا ایک مریض سامنے آیا جسکے بعد وہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 194 ہوگئی ہے۔ گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

تازہ ترین