• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم مراعاتی پیکیج میں ہمیں بھی شامل کیا جائے،چھابہ فروش

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) آل پاکستان چھابہ مزدور یونین کے صدر احسن خان نے کورونا وائرس کی وباء کے باعث وزیراعظم کے مراعاتی پیکیج کو امیر طبقے کیلئے ریلیف پیکیج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریب اور دیہاڑی داروں پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ چھابہ فروش ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ پہلے مرحلے میں آج اتوار کی صبح 12بجے کمیٹی چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہو گا‘ بعد ازاں چاروں صوبوں میں احتجاج کی کال دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھابہ یونین راولپنڈی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی چھابہ یونین کے عہدیدار آج احتجاجی مظاہرے سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اینٹی نارکوٹکس شیخ راشد شفیق سے لال حویلی میں ملاقات کریں گے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ چھابڑی فروشوں کی فوری عملی مالی امداد کی جائے اور انکے گھروں میں تین تین ماہ کا راشن پہنچایا جائے کیونکہ اگلے ماہ رمضان کی آمد ہے اور کاروبار بند ہونے سے انکے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے۔ اجلاس میں میر صحافت میر خلیل الرحمان کے بڑے صاحب زادے اور جنگ گروپ کے چیئرمین و پبلشر میر جاوید رحمان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
تازہ ترین