• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایثار مدینہ دستر خوان کا آغاز‘ تندوروں پر روٹی 5روپے میں ملے گی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان کی جانب سے غریب اور متوسط طبقہ کیلئے ایثار مدینہ دستر خوان کا آغاز کر دیا گیا۔ اس پراجیکٹ کے تحت تندوروں سے روٹی 5روپے میں فراہم کی جائیگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و ایم این اے عامر محمود کیانی نے گولڑہ موڑ پر واقع ایثار مدینہ دسترخوان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز کے سربراہ زمرد خان نے خلق خدا اور متوسط طبقہ کیلئے ایک بہترین پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا متاثر ہے‘ ایسے وقت میں متوسط طبقے اور غریبوں کیلئے جتنا کام کیا جائے وہ کم ہے۔ سستی روٹی سکیم ایک بہترین پروگرام کا آغاز ہے۔ لوگوں کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے گلی گلی میں تندور مالکان کے ساتھ مل کر اس پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جو قابل تحسین عمل ہے۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غریبوں اور متوسط طبقہ کیلئے مشکلات بڑھ گئی ہیں‘ ایسے میں ہم نے سستی روٹی پراجیکٹ شروع کیا ہے جس میں مخیر حضرات کے تعاون سے تندور مالکان سے مل کر عوام کو 5 روپے میں روٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ تندوروں پر کم قیمت روٹی کی فراہمی سے لاکھوں خاندان جہاں دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے وہیں کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار ختم ہونے والوں کیلئے دوبارہ سے ذریعہ روزگار بھی ہو گا۔ زمرد خان نے کہا کہ کم قیمت روٹی کے پراجیکٹ کا آغاز راولپنڈی، ٹیکسلا اور گوجر خان میں کر دیا گیا ہے۔ بہت جلد یہ پراجیکٹ گلی گلی میں پھیلائیں گے تاکہ عوام کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔
تازہ ترین