امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت ٹائیگرز فورس کے لیے خطیر رقم خرچ کرکے چار لاکھ شرٹس بنوار ہی ہے۔
سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے اور حکومت ایک بڑی رقم ٹائیگر فورس کے لیے چار لاکھ شرٹس بنوانے میں خرچ کر رہی ہے جبکہ یہی رقم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حفاظت کے لیے خرچ کی جاسکتی تھی۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت روزانہ امداد کا اعلان کرتی ہے، ابھی تک کسی کو ایک روپیہ نہیں ملا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر بجلی و گیس کے بلوں کی معافی کا اعلان کرے اور یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خورد ونوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈاکٹرزکے مشورے سے ایک نیا کوڈ آف کنڈیکٹ بنانے کی ضرورت ہے۔