• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی انتہائی سادگی سے منائی گئی

ایتھنز(مرزارفاقت حسین ) ایتھنز میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی انتہائی سادگی سے منائی گئی ۔یونان میں دوسرے ممالک کی طرح لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے کارکن اپنے گھروں سے نہ نکل سکے اور چونکہ حکومت نے اس وبا کی وجہ سے لوگوں کے اکٹھے ہونے پہ پابندی عائد کر رکھی ہے اس لئے یونان میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اپنے گھروں میں رہ کر اپنے قائد کو خراج تحسین پیش کیا ۔یونان میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہےجو ہر سال شہید بھٹو کی برسی عقیدت و احترام سے مناتی ہے ،قرآن خوانی کی جاتی ہےاور اپنے قائد کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہےکہ کس طرح سے انہوں نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا آمریت کے آگے نہ جھکے اور راہ حق میں شہید ہوگئے۔ یونان میں پیپلز پارٹی یورپ کے نائب صدر ڈاکٹر طارق سلہریا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو کرونا وائرس کے پیش نظر اپنے علاقے میں غریب اور نادار لوگوں کی مدد کرنے کی درخواست کی، اس موقع پر انہوں نے سندھ حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا اور آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ بھٹو شہید کا مشن لے کر آگے چل رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے ۔انہوں حکومت پاکستان کو بے نظیر اِنکم پروگرام جاری رکھنے کی بھی درخواست کی تاکہ غریبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے ۔
تازہ ترین