سکھر (بیورو رپورٹ) قرنطینہ سینٹر سکھر میں مزید 66زائرین مکمل صحتیاب ہوگئے، صحت یاب قرار دیئے گئے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا، زائرین تفتان بارڈر سے 14 مارچ کو سکھر قرنطینہ لائے گئے تھے۔ حکومت سندھ کی جانب سے سکھر کے علاقے لیبر کالونی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں تفتان بارڈر سے 14 مارچ کو منتقل کئے گئے زائرین میں سے 66 افراد کو مکمل طور پر صحت یاب قرار دیدیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر سکھر شفیق احمد مہیسر نے بتایا کہ 66 صحت یاب افراد کو ان کے گھروں کو روانہ کیا جائیگا، 14 مارچ کو تفتان بارڈر سے منتقل کئے گئے 302 افراد میں سے 151 کی ٹیسٹ رپورٹس مثبت آئی تھیں، جنہیں قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا تھا، آئسولیشن کے بعد ان کے دوبار ٹیسٹ کرائے گئے جو کہ منفی آئے ہیں، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مکمل صحت یاب قرار دیکر گھروں کو جانے کی اجازت دیدی ہے۔