• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استنبول سے اسلام آباد آنیوالے 22 مسافروں کا کورونا مثبت آ گیا


قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ذریعے استنبول سے اسلام آبادآنے والے 193 میں سے 22 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

ذرائع کے مطابق مسافرقومی ایئرلائن کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے تھے اور ٹیسٹ مثبت آجانے کے بعد انہیں اسلام آباد کے 3 ہوٹلوں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب کینیڈا سے پرواز لانے والے پی آئی اے کے 2کپتانوں کا بھی کوروناٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشدکہتی ہیں کہ جہاز کے عملےکے دیگر 3 ارکان کوگھروں میں قرنطینہ کر دیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کے پائلٹس کے جہاز اڑانے سے انکار کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی تھی ، جس کے مطابق پائلٹس کاموقف تھا کہ کوروناوائرس سے نمٹنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔

پائلٹس اور کیبن کریوکے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فراہم کیا گیا حفاظتی سامان ناکافی ہے اور کینیڈا سے واپسی پرطیارے میں اسپرے کے بغیر استنبول سےپاکستانیوں کو سوار کرایا گیا، ناکافی حفاظتی انتظامات پر کپتانوں نے ڈی بریف نوٹ بھی لکھا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن نے پائلٹس کے لیے خصوصی حفاظتی لباس کا آرڈر دے دیا ہے، جہازوں میں جراثیم کش اسپرے بھی یقینی بنایا جائے گااور پائلٹس کے تمام تحفظات بھی دور کریں گے۔

تازہ ترین