وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل والادی میرنوروف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا عالمی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے موثر لائحہ عمل اپنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل ایس سی او کو، اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کو ایک اہم فورم سمجھتا ہے کیونکہ اس کے ممبر ممالک کی آبادی، دنیا کی آبادی کا 40 فیصد سے زائد اور جی ڈی پی، ایک چوتھائی حصہ بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وبا ءسے نبرد آزما ہے اس وبا ءکے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ اس وباء کے انسداد کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔