اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے اس امر پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہےکہ ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلاکے ملازمین کوگذشتہ6 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ جس کی وجہ سے مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف فوری طور پر ایچ ایم سی کی صورتحال کا نوٹس لیں اور ملازمین کوتنخواہیں جاری کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی اور سابق صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمان سواتی کی قیادت میں ایچ ایم سی کے مزدوروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔ سراج الحق نے کہا کہ ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا کا ادارہ ملکی دفاع کے حوالے سے اہم اور حساس ادارہ ہے۔ ہمارے محب وطن اور محنتی مزدور اپنا خون پسینہ ایک کر کے ملک اور قوم کی خدمت کر رہے ہیں ۔ مگر کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ ان کو محنت کا صلہ دینے کی بجائے فاقوں پر مجبور کر دیا گیا ہے۔