• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں لیول تھری کی بائیو سیفٹی لیب ایک ہفتے میں قائم ہو جائیگی

راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) کورونا کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج، پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں لیول تھری کی متنوع بائیو سیفٹی لیب ایک ہفتے کے اندر قائم ہو جائیگی جس کی خصوصیت یہ ہوتی ہے کہ اس لیبارٹری میں زندگی کیلئے خطر ناک جراثیم کی شناخت اور ان کو الگ کرکے ان کے خلاف حفاظت کی سہولت موجود ہوتی ہے ۔ اس لیب کے علاوہ راولپنڈی اور جہلم میں ایک ، ایک فیلڈ ہسپتال بھی ایک ہفتے کے اندر اندر اپنا کام شروع کر دیں گے جو کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے میں مددگار ہونگے ۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں داخل 45 کورونا مریضوں سمیت دیگرقرنطینہ مراکز میں رکھے گئے مریض تیزی کے ساتھ صحت یابی کی جانب گامزن اور کورونا کو شکست دینے کیلئے پرعزم و حوصلہ مند ہیں ۔ ہمارے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اور ان کا تمام معاون سٹاف بے مثال ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جنگ کا ہراول دستہ ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں بنائے گئے قرنطینہ سنٹر میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آر آئی یو کے ایم ایس ڈاکٹر خالد رندھاوابھی اس موقع پر موجود تھے ۔ راشد حفیظ نے قرنطینہ میں موجود مریضوں کے نمائندہ افراد سے ان کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کے حوالے سے پوچھا جس پر انہیں بتایا گیا کہ یہاں حکومت کی جانب سے انہیں علاج معالجے اور دیکھ بھال کی مثالی سہولیات میسر ہیں ۔ صوبائی وزیر نے سنٹر کے اندر موجود ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف سے بھی گفتگو کی ۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی تدابیر پر سختی کے ساتھ عمل ہی اس وائرس سے محفوظ رہنے کا بہترین طریقہ ہے ۔ اگر عوام ایسی احتیاط کچھ ہفتوں تک مزید جاری رکھیں تو ہم کورونا کے خلاف ضرور جنگ جیت جائیں گے ۔
تازہ ترین