• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم آئسولیشن سینٹرز میں کورونا وائرس کے مریضوں کی آمد شروع

ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کی مدد سے تیار کردہ فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر پانچ مریضوں کو داخل کیا جا چکا ہے اور ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ ان کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے ایک اعلیٰ افسر نے جنگ کو بتایا کہ محکمہ صحت سندھ نے پیر سے ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں کورونا وائرس کے ایسے مریضوں کو داخل کرنا شروع کر دیا تھا جن میں مرض کی علامات یا تو بالکل نہیں تھی یا بہت ہی ہلکی تھیں۔

محکمہ صحت کے افسر کا کہنا تھا کہ اب تک ایکسپو سینٹر میں کورونا وائرس سے متاثرہ پانچ مریضوں کو لایا جا چکا ہے جبکہ کہ مزید مریضوں کی آمد جاری ہے۔

حکام کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں مریض کراچی کے چھ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کی جانب سے بھیجے جا رہے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں روزانہ 50 کے قریب افراد کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں اور ان میں سے اکثر متاثرین میں مرض کی علامات یا تو نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں یا انہیں بہت ہی ہلکی کھانسی یا بخار ہوتا ہے جس کا علاج صرف یہ ہے کہ انہیں آئسولیشن سینٹر میں منتقل کر دیا جائے تاکہ وہ دیگر صحت مند لوگوں کو متاثر نہ کر سکیں۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں اس وقت دو سو بیڈ پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنایا گیا ہے جس کی تعداد بڑھا کر پہلے مرحلے میں 600 بیڈز اور آخری مرحلے میں بارہ سو بیڈز تک کی جاسکتی ہے۔

حکام کے مطابق فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں دو کریٹیکل کیئر یونٹس بھی بنائے گئے ہیں جہاں پر درمیانے درجے کی علامات والے مریضوں کو رکھا جائے گا جبکہ تشویش ناک حالت میں ان مریضوں کو ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا اسپتال سمیت مختلف سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لئے روانہ کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین