• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رپورٹ عمران کا امتحان ، معیار پر نہیں اُترے تو مسائل ہونگے، شیخ رشید


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ چینی کابل ایکسپورٹ ہونےکا مطلب ہے دو نمبر کام ہوا ہے، وزیراعظم نے خود انکوائری رپورٹ جاری کی ، عمران خان کا اپنا امتحان ہے،گیند ان کے ڈی میں ہے، اس گیند کو لوز کھیلا گیا تو حکومت کے لئے مسائل پیدا ہوں گے ، 25؍ اپریل بہت اہم ہے، روزہ بھی ہوگا، رپورٹ بھی آئیگی اور کورونا کا بھی فیصلہ ہوجائے گا، ، اگلے 30سے 60دن بہت اہم ہوں گے، اگر لوگوں کے معیار پر پورے نہیں اترسکے تو ہمارے لئے بھی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔ سابق وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کے ذاتی خیال میں وزیر اعلیٰ پنجاب بھی سبسڈی کے حق میں نہیں تھے،باقی وہ اپنا موقف خود پیش کریں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ لاک ڈائون میں توسیع کی بات صحیح ہے،وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہاکہ چینی ماہرین نے 28 دن کے لاک ڈائون کو فائدہ مند قرار دیاہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں کہا ہے کہ آٹا چینی بحران کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان نے واضح کیا کہ شوگر ملز والوں نے رمضان میں چینی مہنگی کی تو ایسا فیصلہ کروں گا کہ شوگر ملز والے ہمیشہ یادرکھیں گے، یہ بھی دیکھنا ہے کہ چینی ایکسپورٹ ہوئی بھی ہے یا نہیں ہوئی، فرانزک رپورٹ بتائے گی کہ چینی ایکسپورٹ بھی ہوئی ہے یا سب فراڈ ہے، میری اطلاعات کے مطابق 70فیصد چینی کابل ایکسپورٹ ہوئی ہے، چینی کابل ایکسپورٹ ہونے کا مطلب ہے دو نمبرکام ہوا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آٹا چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ عمران خان نے خود جاری کروائی، چینی بحران کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمران خان کا امتحان ہے، اس وقت گیند عمران خان کی ڈی میں ہے، اس گیند کو بھی ہلکا کھیلا گیا تو حکومت کیلئے مسائل پیدا ہوں گے، پچیس اپریل بہت اہم ہے اس دن روزہ بھی ہے ،فارنزک رپورٹ بھی آنی ہے اور کورنا کے پھیلاؤ کا بھی اندازہ ہوجائے گا ، پاکستانی سیاست میں اگلے تیس سے ساٹھ دن بہت اہم ہوں گے، ہم لوگوں کی امیدوں پر پورا نہیں اترے تو ہمارے لیے بھی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ جہانگیر ترین وزیراعظم کے قریبی ساتھی تھے مگر اب معاملہ ٹیڑھا ہوگیا ہے، ہر دن سنڈے نہیں ہوتا اب ٹیوزڈے ہے اور ٹیوزڈے کو ہر چیز ممکن ہوسکتی ہے، یہ نہیں کہہ سکتا کہ بحران کے ذمہ داروں کیخلاف کیا ایکشن ہوگا، جیلوں میں صرف غریب ہیں منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے والا کوئی شخص جیل میں نہیں ہے، ملک کو لوٹنے والے ضمانتیں کروا کے ٹی وی چینلز پر بیٹھے ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان صوبے سے سبسڈی لے گئے تو میں نے کابینہ میں آواز بلند کی، شوگر مافیا ایوب خان، یحییٰ خان سمیت ہر دور میں بچ گئے، نواز شریف نے شوگر ملز کو بائیس ارب روپے کی سبسڈی دی، تمام شوگر ملیں دراصل سیاستدانوں کی ہیں سامنے دونمبر لوگ رکھے ہوئے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کسی کو وعلیکم السلام کہہ دے تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتا، عمران خان نے کسی کو نکالا نہیں صرف فیلڈنگ تبدیل کی ہے، عزت سے جینا وزارت کیلئے جینے سے ہزار بہتر ہے، دعا کریں کورونا سے متعلق پچیس تاریخ تک بہتر فضا قائم ہوجائیں، ورنہ اس قوم کو سارے چور بھول جائیں گے۔سابق وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ شہباز گل پتا نہیں کسے بچانے کیلئے مجھے ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، کابینہ میں کوئی بھی فیصلہ تمام وزراء کی رائے سے ہوتا ہے، کابینہ نے منظور کرلیا تھا تو سبسڈی دینا بنتی تھی، ذاتی طور پر چیزوں پر سبسڈی دینے کو بہتر نہیں سمجھتا ہوں، وزیراعلیٰ پنجاب بھی میرے خیال میں سبسڈی کے حق میں نہیں تھے، کابینہ نے چینی پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا تو اس کے پیچھے کچھ وجوہا ت ہوں گی، کابینہ میں فیصلے کسی کے دباؤ سے نہیں ہوتے ہیں۔

تازہ ترین