نیویارک (اے ایف پی) امریکا کے شہر نیویارک میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں اور کئی اسپتالوں کے باہر ریفریجریٹر ٹرک قطار در قطار کھڑے ہیں جن میں وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں رکھی جا رہی ہیں۔ اسپتالوں کو وائرس سے متاثرہ افراد سے نمٹنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، میڈیا پر ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں دکھائی جا رہی ہیں جبکہ کئی لاشیں اور بیمار افراد اسٹریچر پر لیٹے اسپتالوں کو منتقل کیے جانے کے منتظر ہیں۔ بروکلین کے وائکوف اسپتال کے باہر 9؍ لاشیں رکھی تھیں جنہیں ریفریجریٹر ٹرکوں میں منتقل کیا جانا تھا۔ کرو فیونرل ہومز کوئنز کے مالک کین بروسٹر کہتے ہیں کہ نجی مردہ گھروں کی اکثریت کے پاس اتنی تعداد میں فریج نہیں ہیں جن میں لاشیں رکھی جا سکیں، اگر جگہ نہیں ہوگی تو مجبوراً لاشیں ٹرکوں میں رکھنا پڑیں گی۔ گزشتہ ہفتے سے مردہ گھروں کے کاروبار میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جہاں لاشیں رکھوانے کیلئے لائنیں لگ گئی ہیں۔