پشاور(نمائندہ جنگ)جنگ جیواوردی نیوز گروپ کے ایڈیٹرانچیف میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف پشاور میں جنگ ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے باہر میڈیا ورکرزاور صحافیوں کا بڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ ہڑتالی کیمپ میںجنگ جیواوردی نیوزکے کارکنوں اورصحافیوں نے شرکت کی اور میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی مذمت کی ۔شرکاء نے ایڈیٹرانچیف کی گرفتاری کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اسےآزادی صحافت کودبانے کی ناکام کوشش قراردیا ہے اورمطالبہ کیا کہ میرشکیل الرحمان کو فوری طورپر رہاکیا جائے،ہڑتالی کیمپ سے خطاب میں پی ایف یو جے کے نائب صدر ارشد عزیز ملک نے کہا کہ نیب نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر ان چیف میر شکیل الرحمان کو غیرقانونی طور پر حراست میں رکھا ہوا ہے ، ان کی گرفتاری کا مقصد صرف اور صرف حق اور سچ کی آواز کو دبانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحافی برداری آزادی صحافت پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرے گی ، میر شکیل الرحمان کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے انہوں نے فوری طور پر میر شکیل الرحمان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔