کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کی جانب سے سول اسپتال کوئٹہ میں ایک سادہ تقریب میں سینئر و ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو حفاظتی کٹس فراہم کیے گئے ۔ پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقدہ سادہ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمدکرد ، ڈاکٹر شفیع مینگل ، ڈاکٹر منصب علی سومرو ، ڈاکٹر عبدالحئی بگٹی ، ڈاکٹر مشتاق بھنگر ، ڈاکٹر عبدالصمد ، ڈاکٹر اشرف ، ڈاکٹر امام بخش نے دو سو سینئر و ینگ ڈاکٹرز میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے حفاظتی کٹس تقسیم کیے اور مزید کٹس دینے کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمد کرد ، ڈاکٹر شفیع مینگل ، ڈاکٹر منصب علی سومرو نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حفاظتی کٹس ڈاکٹروں کی بنیادی ضرورت ہیں ، حفاظتی کٹس کے بغیر عوام کا علاج جاری رکھنا مشکل ہے ، ڈاکٹر اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر مریضوں کا علاج کررہےہیں جس طرح عام انسانوں کی جان بچانا لازمی ہے اسی طرح ڈاکٹر کی جانوں کی حفاظت کرنا اس سے زیادہ اہم و ضروری ہے ۔ ڈاکٹرز ومیڈیکل ٹیم اپنی حفاظت یقینی بنائیں ڈاکٹروںکے پاس این 95ماسک سمیت دیگر حفاظتی چیزیں ضرور ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام خوفزدہ ہونے کی بجائے احتیاط ، اور صفائی سے کام لیکر اپنی حفاظت بہتر طور پر کرسکتے ہیں ۔ سینئر اور جونیئر ڈاکٹر اپنے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کرکے قوم کو اس مشکل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ حکومت ڈاکٹروں ، صحافیوں سمیت فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کی ضروریات فی الفور پوری کرے۔