• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پولیس چیف کی لاک ڈاؤن کو غیر سنجیدہ لینے پر سختی کی ہدایت


ملک بھر کے بیشتر شہروں کی طرح کراچی اور کوئٹہ میں بدستور لاک ڈاؤن جاری ہے اور مقررہ اوقات کار میں اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولی جارہی ہیں اور بینکوں کے باہر بے تحاشا رش ہے، جبکہ کراچی پولیس چیف نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر افسران کو کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

کراچی میں آج لاک ڈاؤن کا 17واں روز ہے، شاہراہوں پر پولیس اور رینجرز کے ناکوں میں سختی کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، شہر کی بڑی مارکیٹیں بدستور بند رہیں مگر علاقوں کے اندر موجود چھوٹے چھوٹے بازاروں اور بینکوں کے باہر بے تحاشا رش ہے۔

شہر میں پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر آگاہی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اور ماسک پہننے کی ہدایت بھی کی جارہی ہے۔

شب برات کے موقع پر قبرستانوں کے دروازے بھی بند ہیں اور شہریوں کو اپنے مردہگان کی فاتحہ خوانی کے لیے آنے سے منع کیا گیا ہے۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی صدارت میں پولیس افسران کا اجلاس ہوا جس میں افسران کو شہریوں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ شہریوں کو صرف ضرورت کے تحت نکلنے دیا جائے، خلاف ورزی پر افسران کو کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہری لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں، خلاف ورزی پر کارروائی اور جرمانہ بڑھانے پر بھی غور ہو رہا ہے، جبکہ کوئی فیکٹری کھلی تو مالک کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔

پولیس چیفغلام نبی میمن نے کہا کہ گزشتہ دو روز سے ناکہ بندی کا سلسلہ کم کیا گیا تھا، تاہم شہریوں کی غیر سنجیدگی پر مزید سختی کا فیصلہ کیا ہے۔

بلوچستان میں کوروناوائرس کی روک تھام کے حوالے سے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا آج 16واں روز ہے۔

لاک ڈاؤن کےدوران کوئٹہ میں تمام کاروباری اورتجارتی مراکزبند ہیں اور شہر میں مقامی اور دیگر علاقوں کے لئے ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔

شہر میں کریانہ، میڈیکل اسٹورز، تندور ، دودھ، دہی اور گوشت کی دوکانیں کھلی ہیں۔

تازہ ترین