• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی میر شکیل کی گرفتاری پر عالمی تنظیموں سے اپیل

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی میر شکیل کی گرفتاری پر عالمی تنظیموں سے اپیل


کراچی کی صحافی تنظیموں، جنگ اور جیو کی سی بی ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے عالمی صحافی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹے مقدمے میں جیو اور جنگ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو زیر حراست رکھنے کے نیب کے غیرقانونی ہتھکنڈے پر آواز اٹھائیں۔

ایکشن کمیٹی کے مطابق دنیا بھر کی صحافی برادری اس بات پر یکسو ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ اور پاکستان میں میڈیا کی آزادی کو سلب کرنے کی کوشش ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عالمی صحافی تنظیمیں نیب کے ان ہتھکنڈوں پر بھی آواز بلند کریں جو نیب میر شکیل الرحمٰن کو اپنی تحویل میں رکھنے کے لیے اختیار کیے ہوئے ہے۔

ایکشن کمیٹی کے مطابق جو جرم ابھی ثابت نہیں ہوا میر شکیل الرحمٰن کو اس کی سزا بھی ملنا شروع ہوگئی ہے، یہ اکرم درانی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی بھی خلاف ورزی ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ انکوائری کے اسٹیج پر کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا لیکن میر شکیل الرحمٰن کو شکایت کی ویریفکیشن کے اسٹیج پر ہی گرفتار کرلیا گیا ہے اور وہ بھی 34 سال پرانے ایک ایسے مقدمے میں جس میں وہ نیب سے مکمل تعاون کررہے تھے۔

ایکشن کمیٹی نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری اور انہیں زیادہ سے زیادہ عرصے تک اپنی تحویل میں رکھنے کے نیب کے ہتھکنڈروں پر عالمی صحافی برادری کو خطوط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ایکشن کمیٹی کے مطابق جیو اور جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری رہے گا، بدھ کو بھی جنگ اور جیو کے دفاتر میں عملے نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے دفتری امور انجام دیے۔

تازہ ترین