• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو وبائی صورتحال میں کامیابی کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی، چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد (این این آئی، جنگ نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے حکومتی نمائندوں کی جانب سے کورونا وائرس پر دی گئی بریفنگ پر اعتماد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو وبائی صورتحال میں کامیابی کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ 

سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں حکومتی ٹیم نے کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ 

اجلاس میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظہرعالم میاں خیل، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین اور اٹارنی جنر خالد جاوید خان بھی شریک تھے۔ حکومتی ٹیم میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، مشیر ثانیہ نشتر، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، سیکرٹری صحت اور اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر شامل تھے۔ 

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے اسپتالوں میں او پی ڈی کی بندش، کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت، ڈاکٹروں، طبی عملے کی حفاظت، قرنطینہ مراکز اور حکومتی اقدامات سے متعلق دریافت کیا۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے حکومتی اقدامات پر بریفنگ میں کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہ کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی سروس 24 گھنٹے کھلی ہوئی ہے اور نجی اسپتالوں کو لاک ڈاؤن کے دوران امور کی انجام دہی سے نہیں روکا گیا اور وہ عالمی ادارہ صحت کے اصولوں کے مطابق کام کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین