• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے در خواست،وزارت خارجہ و دیگر کو نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ طبی بنیادوں پر جس طرح سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو جیلوں سے رہائی دلوائی گئی ہے اسی طرح حکومت پاکستان امریکی عقوبت خانے میں قید ان کی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بھی کورونا کے پیش نظر رہائی دلوائے۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست سماعت کے لئیے منظور کرتے ہوئےوزارت خارجہ ، وزارت داخلہ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 اپریل تک جواب طلب کیا ہے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپنی آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو فوری طور پر امریکی جیل سے طبی امداد کی بنیاد پر رہا کرایا جائے۔ایڈوکیٹ عرفان عزیز کے توسط سے دائر درخواست میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے موقف اختیار کیا ہے کہ امریکی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر غیر قانونی طور پر مقدمہ چلایاکیونکہ عافیہ پاکستانی شہری تھی اور اسے بغیر کسی دائرہ اختیار کے ، زبردستی امریکہ کے حوالے کردیا گیا تھا۔ڈاکٹر فوزیہ نے آئینی پٹیشن میں استدعا کی ہے کہ حکومت اور ادارے اپنا وقار استعمال کریں اور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے امریکی حکومت کے سامنے درخواست پیش کریں کیونکہ حکومت پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں محمد نواز شریف کو عدالتوں کے ذریعہ سزا سنانے کے بعد طبی بنیادوں پر رہا کیا ہے اسی طرح پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کو بھی طبی بنیادوں پر رہا کیا گیا ہے۔انہوں نے استدعا کی ہے کہ حکومت پاکستان کو ہدایت کی جائے کہ وہ امریکی حکومت سے رابطہ کرے اور جیل کے منشور کے مطابق اہل خانہ کے ساتھ براہ راست ویڈیو کالز کے ذریعے ڈاکٹر عافیہ کی خیریت کا ثبوت فراہم کریں معزز عدالت نے آئینی پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ امریکی قونصل جنرل کے علاوہ تمام جواب دہندگان کو 16اپریل تک جواب داخل کرانے کے لئے نوٹس جاری کریں۔
تازہ ترین