سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا سلسلہ شروع ہوگیا، شہر کے مختلف کاروباری مراکز میں لوگ معمول سے زیادہ دکھائی دیے، سڑکوں پر ٹریفک بھی عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ تھا۔ حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کئے گئے لاک ڈاؤن کے بیسویں دن سکھر، روہڑی سمیت آس پاس کے علاقوں میں عملدرآمد دیکھنے میں نہیں آیا۔ شہر کے مختلف کاروباری علاقوں گھنٹہ گھر چوک، بیراج روڈ، اسٹیشن روڈ، ایوب گیٹ، حسینی روڈ، ڈھک روڈ سمیت دیگر میں لوگ بغیر احتیاطی تدابیر اختیار کئے خرید و فروخت کرتے ہوئے دکھائی دیے، بازاروں میں کھلنے والی دکانوں سے مال بردار گاڑیوں میں مختلف اقسام کا سامان لوڈ ہوتا رہا، اس دوران بھی کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی، عام دنوں کے مقابلے میں ہفتہ کو تجارتی مراکز میں لوگ بھی زیادہ نظر آئے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک بھی معمول سے زیادہ رہا۔ شام 5بجے کے بعد لاک ڈاؤن پر عملدرآمد دیکھنے میں آیا اور تمام کاروباری مراکز بند کردیے گئے جبکہ شاہراہوں سے ٹریفک بھی غائب ہوگیا اور لوگ گھروں تک محدود ہوگئے۔