پیرس، واشنگٹن،لندن(اے ایف پی، خبر ایجنسیاں، جنگ نیوز)کورونا وائرس کے باعث دنیا کے 194ممالک میں سوا 17لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 7ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
آکسفورڈ یونیوسٹی کےماہرین کاکہناہےکہ کورونا ویکسین کی تیاری ستمبرتک ممکن ہوسکے گی، بھارت میں24گھنٹوں کے دوران مزید768 متاثر،جنوبی کوریا نے قرنطینہ توڑنے پر سخت سزا دینے کافیصلہ کیاہے،دوسری جانب نیو یارک میں اسکول ستمبر تک بند رکھنے کااعلان کیاگیاہے۔
تفصیلات کےمطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا بھرمیںمریضوں کی تعداد سوا 17لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ ہلاکتیں بھی ایک لاکھ 7ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی ہیں، صرف امریکا میں5لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ ہلاکتیں بھی 19 ہزار تک پہنچ گئی ہیں،24 گھنٹے کےدوران امریکا میں ریکارڈ 2 ہزار سے زائد اموات سامنے آئیں۔
نیو یارک کے میئر کاکہناہےکہ اسکولز ستمبر تک بند رکھے جائینگے،امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس کے سبب مرنے والے 8 ہزار افراد میں 100 سے زائد پاکستانی بھی شامل ہیں۔
پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے بتایا کہ ہسپتالوں، جنازہ گاہوں اور اہلِ خانہ سے اکٹھی کی گئی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیویارک اور نیو جرسی کے علاقوں میں 100 سے زائد پاکستانی اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔
اٹلی میں 24گھنٹے کےدوران مزید619 اموات سامنےآئیں، جس کےساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں19,468تک پہنچ گئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی بڑھ کرایک لاکھ 50 ہزارہوگئے ہیں۔
اسپین میں24گھنٹے کے دوران مزید 510افراد زندگی کی بازی ہارگئے،جس کےساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں 16,353ہوگئیں جبکہ متاثرین کی تعداد161,852ہوگئی۔
فرانس میں یومیہ ہلاکتوں کی شرح میں کمی دیکھی گئی، 24گھنٹے کےدوران مزید 353افراد زندگی کی بازی ہارگئے جس کے ساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں 13,800ہوگئیں جبکہ متاثرین کی تعدادایک لاکھ 20ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 9 سو 17 اموات کے بعد اس مہلک عالمی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 8 سو 75 ہوگئی۔ملکی صحت حکام کے مطابق آج (بروز ہفتہ) ہسپتالوں میں ہونے والی اموات گزشتہ روز کے مقابلے میں کم تھیں۔
برطانوی محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ اب تک برطانیہ میں کورونا وائرس سے 78ہزار 9 سو 91 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔بھارت میں کورونا وائرس کے اب تک 7ہزار500کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 240ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں،بھارتی حکومت لاک ڈائون میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کاارادہ رکھتی ہے۔
ادھر جرمنی کے صدر اشٹائن مایئر نے کہاہےکہ عامی وبا جنگ نہیں بلکہ انسانیت کا امتحان ہے، ہمیں یکجہتی سے کام لیناہوگا۔
ادھر سعودی عرب کے حکام نے مدینہ منورہ کے 6 کوارٹرز میں مکمل جبکہ 7 ویں میں جزوی کرفیو نافذ کردیا۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کرفیو کا اطلاق 10 اپریل سے شروع ہوا جو تاحکم ثانی جاری رہے گا۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ شعبہ افرادی قوت و سماجی ترقی کرفیو کے دوران ضرورت مندوں کو کھانا سمیت دیگر بنیادی ضرورت کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت ماثرین کو دوائیں اور ضروری طبی خدمات فراہم کرے گی۔سنگاپور میں غیرملکی ورکرز میں وائرس کی تشخیص کے متعدد کیسز سامنے آگئے جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوجائےگا۔
ادھر عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کا ابتدائی ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ڈسچارج کیے جانے سے قبل دوبارہ مثبت آنے کی رپورٹس کی تحقیقات کررہے ہیں۔
ہم کووِڈ 19 کے مریضوں کی ابتدائی رپورٹس منفی آنے کے کچھ دنوں کے بعد دوبارہ مثبت آنے کے معاملے سے آگاہ ہیں، ہم اپنی طبی ماہرین سے رابطہ کر کے اس قسم کے کیسز کی مزید معلومات حاصل کرنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔