لاہور (نمائندہ جنگ)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق ایم این اے اور خواجہ سلمان رفیق ایم پی اے نے20سال بعد ملاقات کی جو تین گھنٹے تک جاری رہی اور اس میں گلے شکوے دور کئے گئے۔
سعد رفیق نے کہا کہ دیرینہ تعلق کوآگے لیکر چلنا چاہتے ہیں جبکہ پرویز الہی نے کہا کہ سیاست ایک طرف سب کو ملکرکورونا کامقابلہ کرنا ہوگا،دونوں رہنماؤں نے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے تدارک کیلئے تمام جماعتوں کو اکٹھا کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
ذرائع کے مطابق خواجہ برادران نے یہ ملاقات میاں شہباز شریف سے اجازت لینے کے بعد کی ، ملاقات میں گلے شکوے دور ہوئے۔
خواجہ برادران نےحمزہ شہباز اورخواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر زکے اجراء پر سپیکر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نےتوپروڈکشن آرڈرجاری کیےلیکن مونس الٰہی کے معاملے پر ایسا دیکھنے میں نہیں آیا جس پر سعد رفیق نے کہا کہ غلطیاں، کوتاہیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن ملاقاتوں سے یہ دور ہوجاتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سعد رفیق نے پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ نے شیر بن کرحمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، دباؤکےباوجودحمزہ اورسلمان کےپروڈکشن آرڈرپرعمل بھی کرایا۔
سعدرفیق اورچوہدری پرویزالٰہی کےدرمیان موجودہ سیاسی صورتحال پربھی گفتگو ہوئی۔ چینی اورآٹےبحران کی رپورٹ میں جہانگیر ترین کا نام آنے کے بعد یہ ملاقات اہمیت رکھتی ہے۔
تاہم سعد رفیق کہتے ہیں کہ سیاسی جوڑتوڑپرنہ کوئی بات ہوئی نہ ہی اس کا میرےپاس مینڈیٹ ہے ۔