کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ عالمگیر وبا کورونا پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت سست روی سے کام کر رہی ہے۔
امیر ممالک کو کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنا ہو گی کیونکہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ کورونا کا مقابلہ کرسکیں، وسائل والے ممالک کو صحت کی سہولیات کی دنیا بھرمیں منصفانہ تقسیم کرنا ہوگی۔
عالمی طاقتوں کو اب اپنا رویہ بدلنا ہوگا، آج بھی ایران پر پابندیاں ہیں جہاں لوگ کورونا کی وجہ سے مر رہے ہیں، جبکہ بھارت تاحال مقبوضہ کشمیر کو بند کئے بیٹھا ہے، سندھ حکومت کی بڑی ترجیح لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک غیر ملکی چینگل کو انٹرویو اور وزیراعلیٰ سندھ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
غیر ملکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ امیر اور وسائل رکھنے والے ممالک کو غریب اور کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنا ہوگی، کیونکہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ تن تنہا کورونا کا مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وسائل والے ممالک اور عالمی طاقتوں کو ٹیسٹنگ کٹس اور صحت کی سہولیات کی دنیا بھر میں منصفانہ تقسیم کرنا ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن اور سماجی دوری کے ذریعے ہی کورونا کے وباء سے بچ سکتے ہیں۔ اگر پاکستان میں اس وباء کا پھیلاؤ بڑھا تو ہمارا نظام صحت بیٹھ جائیگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی اپوزیشن نے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی ہے، لیکن افسوس ہے کہ وفاقی حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے سست رفتاری سے کام کر رہی ہے اور صوبے اپنے اپنے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت سے صوبوں کو بہت کم مدد مل رہی ہے۔
دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے کورونا وائرس کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ لی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی صلاحیتوں میں اضافے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
بلاول بھٹو کہا کہ اس وقت سندھ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہونا چاہیے۔ سندھ حکومت تعریف کی مستحق ہے، آپ نے عوامی حکومت کے تصور کو عملی شکل دی ہے۔
مزید برآں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا سامنا کرنے کے لئے ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔ سندھ حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو رکن سندھ اسمبلی فریال سے تالپور سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔