• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیشل ٹرینیں چلانے کے حوالے سے لائحہ عمل تیارکرلیا،شیخ رشید

وزیرآباد(نا مہ نگار) وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا،جس میں وفاقی حکومت کی اجازت سے سپیشل ٹرینیں چلانے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔مسافروں کے پاس اپنے ماسک، گلوز، سینیٹائزر اور صابن ہونا لازم ہوگا،لاک ڈاؤن ختم یا نرمی کی صورت میں وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں اپ اینڈ ڈاون کی 24سے 28ٹرینیں چلائی جائیں گی ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن کے بعد بھی ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے۔ ٹرین آپریشن شروع ہونے کی صورت میں مسافر اپنی ٹکٹ صرف آن لائن بکنگ کے ذریعے ہی حاصل کرسکیں گے۔ اور ٹرین کی 60 فیصد سیٹیں بک ہونے کے بعد بکنگ روک دی جائے گی تاکہ سماجی فاصلہ پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا سکے-خصوصی ٹرینوں کی بکنگ روانگی سے 24 گھنٹے پہلے بند کر دی جائے گی جبکہ خصوصی ٹرینیں چلنے کی صورت میں مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے 1 گھنٹہ قبل سٹیشن پہنچنا ہوگا۔ ریلوے سٹیشن سے 200 میٹر تک ایریا غیر ضروری افراد کے داخلے کے لیے بند کر دیا جائے گا۔مسافروں کے پاس اپنے ماسک، گلوز، سینیٹائزر اور صابن ہونا لازم ہے۔ مسافروں کو سینیٹائزر واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے گا جس میں ان پر سٹیشن میں داخلے سے قبل سینیٹائزر سپرے کیا جائے گا مسافروں کو ٹرین میں دوسرے مسافروں سے میل جول کی اجازت نہیں ہوگی اور ریلوے افسران ان خصوصی ٹرینوں میں مسافروں کے ساتھ سفر کریں گے تاکہ ہدایات پر سختی سے عمل کرایا جاسکے۔ خصوصی ٹرین آپریشن چلانے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
تازہ ترین