• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آزمائش کی ان گھڑیوں میں سیاسی تقسیم یا الزام تراشی کرنے والےدوست نہیں ہوسکتے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کبھی کھلے لہجوں اور کبھی دبے لفظوں میں وفاق کو مشق ستم بنانا باعث افسوس ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس سے متاثرین کی مالی امداد تک ہر کام وفاق کرے توسندھ حکومت کس مرض کی دوا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کام کیا محض ٹی وی پر خبرنامے اور وفاق کے لیے سپاسنامے پڑھنا ہی رہ گیا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے سے متعلق سندھ حکومت کی کارگردگی پر قوم میں تشویش جنم لے رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ غریبوں کو دی جانے والی نقد رقم اور کاروباریوں کے لیے امدادی پیکیج میں بھی سندھ کاحصہ محفوظ ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس سے لے کر دیگر حفاظتی سامان بھی سندھ کو فراہم کیا گیا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ وفاق کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کی جانب آئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ محض سیاست اور سیاسی آقا پروری کے لیے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا تو جواب دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے مزید کہا کہ کورونا کی صورت میں پاکستان کو ایک غیر معمولی امتحان کا سامنا ہے۔

تازہ ترین