کورونا وائرس کے پیش نظر کراچی میں ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے یوسی 8 اور 9 کو ریڈ زون قرار دے دیا، پولیس کے مطابق یوسی 8 اور 9 میں مزید سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کی جانب سے ریڈزون قراردیئے جانے والے علاقوں میں جمالی کالونی، گلشن13 ڈی، 13 بی اور13 بی ٹوشامل ہیں، اس کے علاوہ گلشن بلاک 4، 6اور 7 کے علاقے بھی ریڈزون میں شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، گھر کا ایک فرد شناختی کارڈ کے ساتھ خریداری کے لیے نکل سکے گا۔
پولیس کے مطابق ان علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی دکانیں صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک کھلیں گی، حالات قابو میں آئے تو ایک ہفتے بعد علاقہ کھول دیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسی 8 جمالی کالونی کی آبادی 48 ہزار سے زائد ہے، جبکہ یوسی 9 گلشن اقبال ٹو کی آبادی 47 ہزار سے زائدہے۔
دوسری جانب ضلع شرقی ریڈ زون قرار دیئے گئے علاقوں کو سیل کرنے کے لئے ابھی تک کوئی انتظامات نہیں کئے گئے اور گلشن اقبال کے مختلف علاقوں کی گلیاں تاحال کھلی ہوئی ہیںاور یوسی 8 اور 9 کی گلیوں سے پولیس غائب ہے۔
گلشن اقبال یوسی 8جمالی کالونی میں رابی اپارٹمنٹ،گلشن اقبال 13ڈی ون اور 13ڈی تھری شامل ہیں،جبکہ یوسی 9 میں حامد اسکوئر ،گلشن بلاک3،بلاک4،بلاک6 اوربلاک 7شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے جوہر موڑ، جوہر چورنگی، ڈالمیا،گلستان جوہر اور راشد منہاس روڈ مختلف مقامات پر بند کیے گئے تھے جبکہ ڈیفنس ویو اور منظور کالونی کی گلیاں بھی سیل کر دی گئی ہیں۔