• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آغا علی کا مقبوضہ کشمیر کوخراج تحسین


معروف گلوکار و اداکار آغا علی نے اپنے نئے گانے ’میرا جہاں‘ کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار آغا علی نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اپنے نئے گانے’میرا جہاں‘ کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کی۔


آغا علی کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو کلپ اُن کے نئے گانے’میرا جہاں ‘کی ہے، گلوکار و اداکار نے اپنے اِس گانے کے ذریعے بھارتی ظلم و ستم کا شکار مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔

گلوکار و اداکار نے اپنے اِس گانے میں دِکھایا ہے کہ کس طرح بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کی انتہا کی ہوئی ہے اور بے یارومددگار کشمیری کس طرح اپنے ہی گھروں میں قیدی بن کر رہ گئے اور نہ چاہتے ہوئے بھی بھارتی فوج کا تشدد برداشت کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے اپنا گانا ’میرا جہاں‘ تین روز قبل ہی اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا ہےجسے اب تک 7ہزار سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

آغا علی نے انسٹاگرام پر اپنے گانے ’میرا جہاں‘ کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنے نئے گانے’میرا جہاں‘ کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کر رہا ہوں۔‘

گلوکار و اداکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں KashmirKoAzadKar کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ مودی سرکار نے گزشتہ سال 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی جس کے بعد سے وادی میں مواصلات کا نظام معطل کرکے کرفیو نافذ کردیا تھا اور آج تک ناصرف یہ کرفیو نافذ ہے بلکہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم بھی دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے۔

تازہ ترین