• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کیا جائے، ناری جمہوری محاذ

ناری جمہوری محاذ کی رہنماؤں نے صحت کے شعبے سے منسلک مزدوروں میں انفیکشن کی شرح میں اضافے اور ذاتی حفاظتی ساز و سامان (پی پی ای) کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔

 ملک میں وبائی مرض کا آغاز ہونے کے بعد درجنوں صحت کے شعبے سے منسلک مزدور و  کارکن وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

صدر ناری جمہوری محاذ عصمت شاہجہاں نے عالمی وبا کے پیش نظر مزدور طبقے کی دگرگوں صورتحال اور لاحق خطرات کے بارے میں جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس میں وفاقی حکومت کی نااہلی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنان خاص طور پر خواتین نرسنگ عملے کی بڑی تعداد کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران خطرہ سے نمٹنے کے لئے ذاتی حفاظتی سامان مثلاً ماسک اور کٹس مہیا کرنا ضروری ہے کیونکہ وہ اپنے کنبوں میں واپس جاتی ہیں اور گھر میں کام کے بوجھ کی وجہ سے خود کو الگ نہیں کرسکتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کو حکومت سے تمام مزدوروں کے لئےحفاظتی سامان کی فراہمی کا مطالبہ کرنا چاہئے کہ وہ کورونا وبا میں فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں، بشمول صفائی پر مامور مزدور جنہیں وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ لاحق ہوتا ہے مگر انہیں حفاظتی سامان کی فراہمی کی بحث میں یکسر نظرانداز کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کی زندگیوں کی حفاظت کرنا ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے، ریاست کو حفاظتی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہئے اور کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے آلات کی لوکل مینوفیکچرنگ میں اضافہ کیا جائے۔ 

 محاذ کی مرکزی جنرل سیکریٹری عالیہ بخشل نے کہا کہ ملک میں کورنا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن نے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدوروں کو بے روزگار کردیا ہے، مزدور طبقے کو بنیادی آمدنی فراہم کی جانی چاہئے جو ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے۔ 

عالیہ بخشل نے کہا کہ بحران کے وقت کارکنوں کو منظم کرنا ان کی بقا کے لئے ضروری ہے، عوامی حمایت کرنے والی تنظیموں کو متحد ہونا چاہئے تا کہ وہ مزدور دوست ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھیں، جس میں تمام کارکنوں کی جان ومال کا تحفظ کا مطالبہ شامل ہے۔

 محاذ کی مرکزی سیکٹری اطلاعات طابی سید نے کہا کہ ہمیں اپنے موجودہ صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے وینٹیلیٹرز، ٹیسٹ کٹس اور پی پی ای کے حصول پر دھیان دے کر خود کو تیار کرنا ہوگا۔

ہمیں دنیا کی ان بہترین مثالوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے جنہوں نے وبائی امراض کے خلاف جنگ میں بڑے پیمانے پر جانچ ، معلومات کے تبادلے اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی زندگی کو ترجیح دینے کی اپروچ کا استعمال کیا۔

محاذ نے صحت کی ایمرجنسی کے دوران ظفر مرزا کو ہٹانے کے سپریم کورٹ کی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ناری جمہوری محاذ نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر اسپتالوں میں تمام ہیلتھ کیئر ورکرز اور صفائی ستھرائی کے عملے کو پی پی ای کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اور ہیلتھ کیئر مزدوروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایکشن کمیٹیاں تشکیل دیں۔

واضح رہے کہ ناری جمہوری محاذ سوشلسٹ فیمنسٹ سیاسی تنظیم ہے، جس کا مقصد سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ نظام، دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کرنا اور اسکا مقصد خواتین کی آزادی اور  انکے لیے معاشرتی انصاف کا حصول ہے۔

تازہ ترین