• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپریل کا مہینہ موسم گرما کا آغاز کرتا ہے اور جب موسم گرما شروع ہوتا ہے تو ہم مختلف قسم کی ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کرتے ہیں تاکہ خود کو گرمی سے بچا سکیں اور اِن مشروبات سے ہمیں دماغی طور پر بھی راحت ملتی ہے۔

موسم گرما میں استعمال ہونے والے مشروبات میں سے ایک مشروب’ستّو‘ بھی ہے جسے مختلف طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے اور جس کو پینے سے ہمیں ناصرف ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے بلکہ اِس مشروب کے دیگر بھی بہت سے فوائد ہیں جیسے اس میں پروٹین، وٹامنز، آئرن، کیلشیم اور معدنیات وغیرہ ایک وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

ستّو کیا ہے؟

ستّو ایک قسم کا آٹا ہوتا ہے جسے جو اور گندم وغیرہ کو پکا کر تیار کیا جاتا ہے، اِسے عام طور پر گرمیوں میں مشروب کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن بعض جگہوں پر لوگ اِس کے کھانے بھی پکاتے ہیں، یہ زیادہ تر پاکستان اور بھارت میں مشہور ہے۔

سّتو کے صحت سے متعلق فوائد:

پروٹین سے بھرپور:

ستّو میں وافر مقدار میں پروٹینز پائے جاتے ہیں جو ہمارے پٹھوں کی افزائش اور مرمت میں مدد کرتے ہیں، ستّو ہمیں طاقت اور توانائی بخشتا ہے اور ہمارے جسم میں موجود زائد کیلوریز کو کم کرتا ہے جس سے ہمارا بڑھتا وزن بھی کم ہونا شروع ہوجاتا ہے۔

آپ کو ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے:

سخت گرمی کی وجہ سے ناصرف ہم سُست ہوجاتے ہیں بلکہ بعض اوقات ہمارے بلڈ پریشر کی سطح بھی کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے اور ہم سے سخت گرمی میں نہ تو کوئی کام ہوتا ہے اور نہ ہی کہیں باہر پیدل چلا جاتا ہے۔ ایسے میں اگر ہم روزانہ باقاعدگی سے ستّو کا استعمال کریں تو ہم اِن سب چیزوں سے بچ سکتے ہیں کیونکہ ستّو میں قدرتی اور غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں جو ہمیں توانائی دیتے ہیں، لہٰذا گرمی کے موسم میں ستّو کا استعمال لازمی کریں۔

نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے:

ستّو میں قدرتی طور پر فائبر موجود ہوتے ہیں جو ہمارےنظام ہاضمہ کو بہتر کرتے ہیں، ستّو ہماری آنتوں کو صاف کرتا ہے اور ہمیں قبض جیسی بیماریوں سے بچا کر رکھتا ہے ، اِس کے علاوہ ستّو معدے کی جلن اور تیزابیت کو بھی ختم کرتا ہے۔

کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کے لیے مفید:

ستّو کو ناصرف گرمی دور کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے بلکہ یہ دیگر امراض کے لیے بھی بہت مفید ہے، ستّو کو کولیسٹرول کے مریضوں کے لیے بہت فائدہ مند سمجھا جاتا ہے، ستّو ہمارے کولیسٹرول کی سطح کو برقرار رکھتا ہے اور اِس کے علاوہ بلڈ شوگر کے مریضوں کےلیے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

ستّو کو کس طرح استعمال کیا جائے؟

ستّوکو مختلف طریقوں سے روزمرہ کی غذا میں استعمال کیا جاتا ہے جیسے کچھ لوگ ستّو کے لڈو بناتے ہیں تو کچھ لوگ ستّو کی روٹی پکاتے ہیں لیکن ستّو کو اپنی غذا میں شامل کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ہم اِس کو پانی میں ملا کر مشروب بنا کر پی لیں، اِس میں محنت بھی زیادہ نہیں لگتی ہے اور آسانی سے ہم اِس کو ہضم بھی کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین