امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی افزودہ یورینیئم کو صرف دفن کرنا کافی نہیں بلکہ امریکا اسے اپنے قبضے میں لے گا۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ بعض امریکی جرنیلوں کا خیال ہے کہ ایران کی افزودہ یورینیئم کو براہِ راست حاصل کرنا ضروری ہے، تاہم کیا اسے اس انداز میں زیرِ زمین دفن کیا جا سکتا ہے کہ ایران دوبارہ اُس تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔
اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ میرے نزدیک ایرانی یورینیئم کو دفن کرنا صرف عوامی تعلقات کے نقطۂ نظر سے اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اس یورینیئم کو حاصل کرے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس میں صدر ٹرمپ کے بیان کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق امریکی مؤقف میں ایک سخت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ چین کے دورے پر موجود تھے، ٹرمپ دورہ مکمل کر کے بیجنگ سے روانہ ہو گئے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران امریکی صدر نے چین کے صدر شی جن پنگ سمیت اہم حکام سے ملاقاتیں کیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایران کے معاملے پر گفتگو کی اور ہم دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور آبنائے ہرمز کھلی رہنی چاہیے۔