• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیر، غریب کیلئے صحت کا نظام برابر ہونا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری۔فوٹو: اسکرین گریب
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری۔فوٹو: اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امیر اور غریب کے لیے صحت کا نظام برابر ہونا چاہیے، پی پی نے ہمیشہ عوام دوست اور غریب دوست سیاست کی ہے۔

کوئٹہ میں تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے ہر شہری کا حق ہے کہ انھیں مفت اور معیاری صحت سہولتیں ملیں، صحت کی سہولت عوام کو انکی دہلیز پر ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پورے خطے اور دنیا میں بہت مشکلات ہیں، اسی وجہ سے معاشی مشکلات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام دوست، غریب دوست سیاست کرتی ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ، گورنر، ایم پی ایز، ایم این ایز، پیپلز پارٹی کے عہدیدار اور کارکنوں کا شکریہ، 2 سال میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کی ٹیم نے بہت زیادہ منصوبے شروع کیے ہیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت سازی کے وقت وزیراعلیٰ سےکہا تھا جو سندھ میں سہولتیں ہیں، وہ بلوچستان میں شروع کریں، ایئر ایمبولینس سہولت بلوچستان میں ضروری تھی، آج اس سہولت کا افتتاح کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ میں نیا ٹراما سینٹر بنا ہے، جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، آج میں 11 منصوبوں کا افتتاح کر رہا ہوں، عید کے بعد میں دوبارہ کوئٹہ آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی جلد بلوچستان دوبارہ آؤں گا، عوام کی خدمت ہمارا عزم ہے، بہت خوش ہوں کہ بیسک ہیلتھ یونٹس کو آپریشنلائزڈ کیا گیا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پولیو ویکسینیشن مہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے دور میں شروع کی، بلوچستان کے 8 ڈسٹرکٹ میں چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کیا جارہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ڈائلیسز کی سہولت دور دراز علاقوں میں پہنچنا اہم ہے، ایس آئی یو ٹی کی سہولت بلوچستان میں پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مفت اور معیاری علاج ملنا ملک کے ہر شہری کا حق ہے، ٹراما سینٹر کا افتتاح کرکے بھی بہت خوشی ہو رہی ہے، عید کے بعد بلوچستان میں بی آئی سی وی ڈی کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج جس طرح منصوبوں کا افتتاح ہوا ہے، آگے بھی اسی طرح افتتاح کریں گے، ہم مشکلات کا اس وقت ملک کر سامنا کر رہے ہیں۔ اگر ہم اسی طرح محنت کریں گے تو ضرور کامیاب ہوں گے، جو اپنے ملک اور صوبے کی ترقی دیکھنا نہیں چاہتے ہم ان کوشکست دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید