• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے: پاکستانی کمیونٹی نے لاکھوں روپے کی امداد پاکستان بھجوائی

ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں اور افراد نے گذشتہ چار ہفتوں کے دوران لاکھوں روپے کی امداد جمع کرکے پاکستان بھجوائی ہے۔

اس سلسلے میں سب سے پیش پیش جو تنظیمیں اور افراد رہے، ان میں نارویجن پاکستانی نوجوان سماجی کارکن محسن راجہ بھی شامل تھے، جنہوں نے ممتاز نارویجن پاکستانی کاروباری و سماجی شخصیت شیخ طارق محمود کی اپیل پر اپنے سماجی نیٹ ورک کے ذریعے لاکھوں روپے جمع کیے۔

نارویجن پاکستانیوں کی طرف سے دیے گئے عطیات کی یہ رقوم گجرات بھیجی گئیں جہاں شیخ طارق محمود جو ان دنوں اپنے آبائی علاقے لالہ موسیٰ آئے ہوئے ہیں، نے اپنے علاقے اور گردونواح کے علاقہ جات میں ان رقوم سے راش خرید کر بے شمار لوگوں میں تقیسم کیا۔

شیخ طارق محمود کا کہنا ہے کہ انہوں نے ناروے کے پاکستانیوں کی بھیجی ہوئی 13 لاکھ روپے کے لگ بھگ رقوم کے علاوہ اپنی طرف سے بھی اس سے کئی گنا زیادہ رقوم کا راشن اور دیگر ضروری اشیاء مستحق لوگوں خاص طور دیہاڑی دار طبقات میں تقسیم کی ہیں۔

شیخ طارق محمود کا کہنا ہے کہ انہوں نے لالہ موسیٰ، کھاریاں اور گجرات اور ان علاقوں کے گردونواح میں بلاتفریق مذہب، رنگ و نسل راشن و نقد امداد تقسیم کی ہے۔ 

انہوں نے اس سارے کام کی نگرانی خود کی اور لوگوں کو گھر گھر راشن دینے کے علاوہ ضرورتمندوں نے ان سے رابطہ کرکے بھی کھانے پینے کی وافر ضروری اشیاء حاصل کی ہیں۔

انہوں نے لوگوں میں بے شمار ماسک اور سینیٹائزر بھی تقسیم کیے اور لالہ موسیٰ کے حاجی پورہ مین چوک اور سبزی منڈی کے علاقے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے دو واک تھرو گیٹس لگوائے ہیں۔

اس علاوہ ناروے میں دیگر متعدد تنظیمیں اور افراد بھی پاکستان کے مستحق لوگوں کی امداد کے لیے متحرک ہیں۔

سیدہ فاطمہ الزہرہ (س) ٹرسٹ ناروے بھی ان تنظیموں میں شامل ہے، جو ناروے میں مالی امداد جمع کرکے پاکستان میں غریب اور نادار لوگوں میں راشن، ماسک اور سینیٹائزر تقسیم کررہی ہیں۔ ٹرسٹ کے روح رواں اور ممتاز عالم دین علامہ افتخار احمد چشتی کا کہنا ہے کہ ہم انسانیت کے جذبے کے تحت لوگوں میں امداد تقسیم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نارویجن پاکستانیوں نے اس سے پہلے بھی پاکستان میں لوگوں کی مدد کی ہے اور اب بھی وہ اسی جذبے تحت مدد کر رہے ہیں۔

ناروے میں کاروباری شخصیت چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں اپنی تنظیم چوہدری امیر علی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے اپنے علاقے بھٹیاں گجرخان اور ایک اور کاروباری شخصیت راجہ عاشق حسین اپنے تنظیم خدیجہ سردار خان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اپنے علاقے چھینہ گجر خان میں امداد تقسیم کر رہے ہیں۔

ناروے میں فعال سماجی و صحافتی شخصیت عامر لطیف اور ان کی اہلیہ بھی اپنی این جی او نور ریلیف کے پلیٹ فارم پر ان دنوں گجرانوالا سے گجرات کے علاقے جلال پورجٹاں تک اپنے فلاحی کام کا دائرہ پھیلائے ہوئے ہیں۔

ناروے میں مقیم متعدد پاکستانی شخصیات کھاریاں کی ممتاز سماجی و صحافتی شخصیت اور فرینڈز آف کھاریاں کے صدر میاں محمد صفدر اور ان کی ٹیم کے ذریعے کھاریاں اور اس کے گردونواح کے علاقے میں امداد تقسیم کرنے میں کئی دنوں سے متحرک ہیں۔

انہوں نے راشن، ماسک اور سینیٹائزر کے علاوہ وینٹی لیٹر بھی عطیہ کئے۔ ان کے علاوہ کھاریاں کی دیگر نارویجن پاکستانی شخصیات بشمول چوہدری غضنفر علی سیکریالی اور چوہدری عبدالرحمٰن سیکریالی بھی اپنے علاقے میں لوگوں کی مدد کے لیے فعال ہیں۔

ناروے میں پاکستانی نژاد سماجی شخصیت ملک محمد پرویز مہر کے بقول، اس بار نارویجن پاکستانیوں نے کورونا وائرس سے اپنی پریشانی کے باوجود پاکستان میں کورونا سے متاثرہ لوگوں کی مدد کی ہے۔

ناروے میں پاکستانیوں کی اہم تنظیم پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال نے پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے شیخ طارق محمود، محسن راجہ اور دیگر شخصیات کی خدمات کو سراہا ہے۔

دوسری طرف ناروے میں سفارتخانہ پاکستان بھی وزیراعظم پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے متحرک ہے۔ سفارتخانہ کی طرف سے سوشل میڈیا کے ذریعے اور فرداً فرداً لوگوں سے رابطہ کرکے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ کے لیے نارویجن پاکستانیوں سے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

بہت سے نارویجن پاکستانیوں نے وزیراعظم کی اپیل پر مثبت ردعمل دیا ہے اور امید ہے کہ بہت سے نارویجن پاکستانی وزیراعظم کے فنڈ میں بھی رقوم جمع کروائیں گے۔

ناروے کے شہر دریمن میں مقامی حکومت کے ایک نمائندہ ناصر گوندل نے امید ظاہر کی ہے کہ لوگ وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں بھی دل کھول کر حصہ لیں گے۔

تازہ ترین